فیصل آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد اور چین کے صوبہ ہوبے کی ہوزانگ زرعی یونیورسٹی دونوں ممالک میں زرعی پیداواریت میں اضافے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے جبکہ اس مقصد کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں حکومت پنجاب کی جانب سے منظور کئے جانیوالے پاک چین زرعی ٹیکنالوجی پارک میں آئی سی ٹی، ڈرون ٹیکنالوجی، اینیمل بریڈنگ، کپاس، سویا بین اور ترشاوہ پھلوں کی جدید ٹیکنالوجی پر مل جل کر کام کیاجاسکے گاتاکہ سی پیک کے مقاصد کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے چینی صوبہ ہوبے کی ہوزانگ زرعی یونیورسٹی کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں قائم کیا جانیوالا ٹیکنالوجی پارک ملکی زراعت کی ترقی کے حوالے سے ایک ایسا سنگ میل ثابت ہو گا جس کے ذریعے نہ صرف پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ ویلیو ایڈیشن سمیت نئی جدتیں بھی متعارف کرائی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ چینی زبان و ثقافت کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آنے لگے ہیں۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ بڑی تعداد میں چین میں جا کر اپنی مہارتوں میں اضافے کیلئے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ان سے پہلے چینی وفد کے سربراہ وو زی لانگ نے کہا کہ گذشتہ ماہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی زیر قیادت یونیورسٹی کے وفد نے ہوبے کے ہیڈ آف سٹیٹ مشن کے ہمراہ زرعی شعبے میں تعاون کیلئے متعدد امکانات پر اپنی تجاویز پیش کی تھیں جس کے جواب میں ہوازونگ زرعی یونیورسٹی ہوبے کے اس نو رکنی وفد نے پنجاب کے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو اور دیگر حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ زرعی ترقی کیلئے تعاون کے فروغ کی راہیں متعین کی جا سکیں۔
انہوں نے یونیورسٹی میں قائم مرکز اعلیٰ تعلیم و تحقیق برائے خوراک و زراعت، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ، نیشنل انکیوبیشن سنٹراور دیگر تحقیقی مراکز کا اپنے وفد کے ہمراہ دورہ کیا اور یونیورسٹی کے مختلف ممالک کے ساتھ جاری منصوبہ جات میں گہری دلچسپی لی۔ ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں، ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈین کلیہ اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال، ڈین ویٹرنری سائنسز ڈاکٹر فرزانہ رضوی،ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر جعفر جسکانی، ڈائریکٹر ایکسٹر نل لنکجز ڈاکٹر محمد ثاقب، ڈاکٹر عامر جمیل، ڈاکٹر خالد مشتاق، پرنسپل آفیسر پی آرپی ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈاکٹر بابر شہباز،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سوائل سائنس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار، ڈاکٹر ریاض احمد ورک، ڈاکٹر بینش اسرار، ڈاکٹر محمد طیب و دیگر ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=372990