فیصل آباد۔18اگست (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں یو ایس ایڈ کے سکالرشپ پروگرام کے تحت 57 طالبات میں وظائف کے سرٹیفکیٹ تقسیم کردیئے گئے۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن یو ایس ایڈ اینی فلیکر نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ہمراہ جامعہ زرعیہ کی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اینی فلیکرنے کہا کہ یو ایس ایڈ نیڈ بیس سکالر شپ پروگرام کے تحت اب تک زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 459 طلبا کو سکالرشپ فراہم کیے جاچکے ہیں ،یو ایس ایڈ پاکستان میں ہایئر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ اقداماتکیے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان کی 30 یونیورسٹیاں یو ایس ایڈ کے ساتھ شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی زرعی تعلیم،تحقیق اور کمیونٹی سروسز میں کاوشوں کوملکی وغیر ملکی سطح پر بھی سراہا جاتا ہے۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ خواتین کی سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے بغیر ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 50 فیصد سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں اوریونیورسٹی خواتین کے حقوق کے تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباکیلئے کوٹہ مختص کیاگیا ہے تاکہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کر کے ٹھوس زرعی ترقی کی بنیاد رکھی جا سکے۔
ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹ اینڈ یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آبادڈاکٹر محمد احسن خاں نے کہا کہ یونیورسٹی ضرورت مند طلبا کو تعلیمی سفر جاری رکھنے کیلئےسکالر شپ فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے ڈائریکٹر یو ایس ایڈ پراجیکٹ محمد اظہر خاں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وقار اکبر اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=322741