جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں 4روزہ لائلپور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کا آغاز ہو گیا

123
University of Agriculture Faisalabad
University of Agriculture Faisalabad

فیصل آباد۔ 18 فروری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں چار روزہ 10ویں لائلپور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے۔ جس میں ادب سے محبت رکھنے والے ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔ سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام فیسٹیول کا افتتاح وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت احسان افضل نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خان کے ہمراہ کیا۔

ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ فیسٹیول کے مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ فیسٹیول میں چالیس سے زائد مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں تقریری، قرات، کوئز، پرفارمنگ آرٹ اور بزنس آئیڈیاز سمیت دیگر شامل ہیں۔ احسان افضل نے کہا کہ ادب ذہنوں کو نئے پہلوؤں سے تلاش اور سوچنے کے انداز سے مالا مال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ہمیں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے اختراعی اور تخلیقی ذہنیت کو پروان چڑھانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لٹریری فیسٹیول سے نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تفریح کے مواقع بھی پیدا کئے جاتے ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خان نے کہا کہ آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول شرکا کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد کرتے ہیں اور فکری نشوونما، فنی اظہار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے بزنس آئیڈیاز کمپیٹیشن اور سٹارٹ اپ ایکسپو کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ بزنس ایکسپو کے زیراہتمام پچاس سے زائد کاروباری صلاحیتوں کے حامل افراد کے قائم سٹال سے کاروباری مہارتوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اختراعی کاروبار ہماری معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد افتخار نے کہا کہ فن اور ادب ہمیں اپنے خیالات، احساسات اور خیالات کو تخلیقی طریقوں سے ظاہر کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

یہ مختلف ثقافتوں کو سمجھنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔ڈاکٹر اطہر جاوید، ڈاکٹر محمد ریاض ورک، ڈاکٹر عاصم عقیل، ڈاکٹر راؤ صابر ستار، ڈاکٹر رافع مزمل، ڈاکٹر داؤد سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔منگل کو سخن 25 قومی سربراہی کانفرنس ”ٹرانسفارمنگ پاکستان2025“، ورثہ میوزک کمپیٹیشن، اے پی پی سی (پارلیمانی مقابلہ)، بزنس آئیڈیاز کمپیٹیشن اور سٹارٹ اپ ایکسپو و دیگر منعقد کئے گئے جبکہ نیزہ بازی گراؤنڈ میں 2 روزہ نیزہ بازی مقابلوں کا بھی افتتاح ہوا جس میں ملک بھر سے گھڑسوار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔