جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی کانووکیشن 2019-2023ء کے دوسرے روز شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا

112
University of Sindh Jamshoro

حیدرآباد۔ 24 دسمبر (اے پی پی):جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی کانووکیشن 2019-2023ء کے دوسرے روز شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں 1715 گریجویٹس کو اسناد دی گئیں۔ شاندار کارکردگی پر طلبہ و طالبات کو 81 گولڈ میڈل اور 367 چاندی کے میڈلز بھی دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ آئی آئی قاضی خصوصی ایوارڈ ’’یونیورسٹی ٹاپ گولڈ میڈل‘‘چار طلباء کو دیا گیا۔ مختلف شعبوں آرٹس، کامرس و بزنس ایڈمنسٹریشن، تعلیم، انجنیئرنگ و ٹیکنالوجی ،اسلامک اسٹڈیز، قانون، نیچرل سائنسز، فارمیسی و سوشل سائنسز میں ٹاپ اچیورز کو مجموعی طور پر 81 گولڈ میڈلز دیئے گئے نیز 367 سلور میڈلز بھی مختلف شعبوں کے گریجویٹس کو ان کی شاندار کارکردگی پر دیئے گئے۔

دوسرے روز کے دوران مجموعی طور پر 1715 طلبہ و طالبات کو بیچلرز و ماسٹرز ڈگریاں دی گئیں۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے پرو وائس چانسلرز، ڈینز، رجسٹرار و دیگر معززین کے ہمراہ اسناد و میڈلز دیئے۔ دوسری جانب مختلف کیمپسز کے گریجویٹس کو بھی ان کے متعلقہ پرو وائس چانسلرز و فوکل پرسنز کی موجودگی میں اسناد دی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے گریجویٹ طلباء کی کامیابیوں کو سراہا اور فیکلٹی کی محنت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کانووکیشن کو طلباء کی محنت کا اعتراف اور یونیورسٹی کی ذمہ داری کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ مادر علمی ان کی عملی زندگی کیلئے تیاری میں کامیاب رہی ہے۔

انہوں نے جامعہ سندھ کی تازہ کامیابیوں کو اجاگر کیا، جن میں بڑی تحقیقاتی گرانٹس کا حصول، مؤثر منصوبوں کا آغاز، 2.45 میگا واٹ سولر انرجی پراجیکٹ کے ذریعے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا اور جدت و کاروباری کلچر کو فروغ دینے کیلئے انکیوبیشن سینٹر کا قیام شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے 15 نئے تعلیمی پروگرامز کے آغاز کا بھی ذکر کیا، جو مارکیٹ کی مانگ سے مطابقت رکھتے ہیں۔ انہوں یہ بھی بتایا کہ گزشتہ4 سال میں 85 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کی سکالر شپس 15 ہزار سے زائد مستحق طلباء کو دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے سماجی ذمہ داری، تحقیق و جدت کے فروغ میں جامعہ کے کردار پر روشنی ڈالی اور گریجویٹس کو نیک نیتی و ایمانداری کے ساتھ قومی ترقی میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے اساتذہ، عملے اور تقریب کی منتظم کمیٹیوں کی محنت کو سراہا، جنہوں نے کانووکیشن کو یادگار و کامیاب بنایا۔ واضح رہے کہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 260 ایم فل و پی ایچ ڈی سکالرز سمیت 2387 طلباء کو اسناد دی گئیں۔ دو روزہ تقریب کے دوران سٹیج کی ذمہ داریاں ڈاکٹر محمودالحسن مغل اور ڈاکٹر تانیہ مشتاق نے سرانجام دیں۔