جامعہ کراچی، اکیڈمک کونسل کا اجلاس، بی اے،بی ایس سی،بی کام،ایم اے اورایل ایل بی پروگرام کے امتحانات میں شرکت کا آخری موقع

94

کراچی۔ 30 جنوری (اے پی پی):جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کی زیر صدارت سال برائے2025 کی اکیڈمک کونسل کا پہلا اجلاس جمعرات کے روز چائنیزٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بی اے،بی ایس سی،بی کام اور ایم اے کہ ایسے طلباو طالبات جو 2019 ء یا اس سے قبل کی انرولمنٹ کے حامل ہیں انہیں دوسال لگاتار امتحانات برائے 2024 اور2025 ء میں شرکت کا آخری موقع دینے کا فیصلہ کیاگیا۔واضح رہے کہ 2025 ء کے امتحانات کے بعدان پروگرامزکاکوئی امتحان منعقد نہیں ہوگا جبکہ ایچ ای سی پہلے ہی دوسالہ پروگرام روکنے کی ہدایت کرچکی ہے، جس کی وجہ سے2019 ء سے کوئی نئی انرولمنٹ نہیں کی گئی۔علاوہ ازیں اجلاس میں ایل ایل بی(تین سالہ) پروگرام کے ایسے طلباوطالبات جن کی انرولمنٹ 2018 ء یا اس سے قبل کی ہے انہیں تین سال لگاتار2024،2025 اور2026 ء کے امتحانات میں شرکت کا موقع دینے کا فیصلہ کیاگیا۔واضح رہے کہ 2026 ء کے امتحانات کے بعد ایل ایل بی تین سالہ پروگرام کا کوئی امتحان منعقد نہیں ہوگااور2018 سے اس پروگرام کی کوئی نئی انرولمنٹ نہیں کی گئی۔اجلاس میں ڈسپلن کمیٹی پر بحیثیت نمائندہ اکیڈمک کونسل دوسال کی مدت کے لئے پروفیسرڈاکٹر سکینہ ریاض اور پروفیسرڈاکٹر انتخاب الفت کی نامزدگی کی منظوری دی گئی،جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف کلینکل سائیکولوجی کے بورڈ آف گورنرزپربحیثیت نمائندہ اکیڈمک کونسل دوسال کی مدت کے لئے پروفیسرڈاکٹر حارث شعیب اورڈاکٹر صبوحی رضا کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے اجلاس منعقدہ 3 دسمبر2024 کی روداد کی توثیق کی گئی اور معادلہ کمیٹی کے اجلاس مورخہ 13 جنوری 2025 کی رودادکی توثیق کی گئی