جامعہ ہری پور میں سلام سٹوڈنٹ سوسائٹی اور یوتھ کلب کے زیراہتمام سیمینار

126

ہری پور۔ 5 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف ہری پور میں سلام سٹوڈنٹ سوسائٹی اور یوتھ کلب کے زیراہتمام ”زندگی صرف ایک کھیل ہے“ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔ ہری پور یونیورسٹی میں مفتی احسان عظیم، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیاءالرحمن، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی اور طلباءکی ایک بڑی تعداد سمیت معزز مہمانوں کی موجودگی میں تقریب کو اعزاز سے نوازا گیا۔ یوتھ کلب کے ابو سعد نے کلیدی اور بصیرت افروز لیکچر دیا جس نے سامعین کو مسحور کیا۔

انہوں نے بامقصد زندگی گذارنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زندگی صرف ایک کھیل نہیں ہے بلکہ ایک امتحان ہے جہاں ہمارے اعمال اور فیصلے اہم ہیں، ہمیں زندگی کے تمام پہلوئو ں میں بہترین کارکردگی کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ رہنا چاہئے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے بھی تقریب کے دوران اپنے اعمال کیلئے اﷲ کے سامنے جوابدہی پر زور دیا، طلبہ کو رہنما بننے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کی ترغیب دی، آپ سب کچھ کر سکتے ہیں، اپنے آپ کو کم نہ سمجھیں، یونیورسٹی آف ہری پور آپ کو بہترین قیادت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار نے کامیابی کے ساتھ طلبہ میں خود آگاہی اور قیادت کی اہمیت کو اجاگر کیا جس سے ان کی جامع ترقی کیلئے یونیورسٹی کے عزم کو تقویت ملی۔