ہری پور۔ 29 فروری (اے پی پی):جامعہ ہری پور نےپوسٹ گریجویٹ کالج کو ہرا کر انٹر کالجیٹ فٹسال چیمپئن شپ جیت لی۔ یونیورسٹی آف ہری پور کے زیراہتمام انٹر کالجیٹ فٹ سال چیمپئن کا فائنل میچ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور میں کھیلا گیا۔ فائنل میچ کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج کے پروفیسر عارف علی شاہ، اسسٹنٹ پروفیسر غلام فاروق، یونیورسٹی آف ہری پور کے لیکچرر امداد علی اور کوچ حسنین امین بھی موجود تھے۔
میچ کے آغاز میں یونیورسٹی آف ہری پور کے کھلاڑی نے گول کر کے برتری حاصل کر لی جس کے بعد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے کھلاڑی نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ فائنل میچ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں پوسٹ گریجویٹ کالج کے کھلاڑی نے گول سکور کر کے دو ایک کی برتری حاصل کر لی لیکن میچ کے آخری منٹ میں یونیورسٹی آف ہری پور کے کھلاڑی نے گول سکور کر کے میچ کو برابر کر دیا۔
میچ برابر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 6 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا، اضافی وقت کے آخری 20 سیکنڈز میں یونیورسٹی آف ہری پور کے کھلاڑی نے گول سکور کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ اس طرح یونیورسٹی آف ہری پور کی ٹیم سال 2024کی فاتح قرار پائی۔