کراچی۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جام ساقی مرحوم پاکستان میں محنت کش طبقات کے حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد اور بے مثال قربانیاں دینے کا نام ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں پارٹی رہنما جام ساقی مرحوم کو ان کی پانچویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت پسند اور وقت سے بہت آگے کی سوچ رکھنے والے عوامی رہنما تھے۔
انہوں نے کہا کہ جام ساقی مرحوم کی جبری مشقت کی روک تھام اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کاوشیں بھی ناقابلِ فراموش ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضیاء کی آمریت کے دوران جب جام ساقی مرحوم کے خلاف بغاوت کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا، تو ان کی بے گناہی کی گواہی دینے کے لیے شہید بینظیر بھٹو بذاتِ خود ملٹری کورٹ میں پیش ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جام ساقی ایک سوچ کا نام ہے، جسے موت بھی مٹا نہیں سکتی، وہ ہمارے ذہنوں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔