فیصل آباد۔ 30 جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹرقیصر خلیق نے بتایاکہ نمکیات کو مویشیوں و جانوروں کی خوراک میں انتہائی اہمیت حاصل ہے اور یہ نمکیات مختلف طریقوں سے جانوروں کو فراہم کئے جاتے ہیں کیونکہ ان کی کمی جانوروں میں افزائش نسل اور کام کرنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دوددھ دینے والے مویشیوں میں دودھ کی مقدار اور صحت مند گوشت کی پیداواری صلاحیت آہستہ آہستہ کم ہونے کا موجب بھی فاسفورس اور دیگر نمکیات کی کمی ہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مویشی پال حضرات جو چارہ جانوروں کو فراہم کررہے ہیں وہ نمکیات کے مقررہ معیار پر پورانہیں اترتا۔ انہوں نے کہاکہ مویشی پال حضرات اور کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ سبزچارہ کاشت کرتے ہوئے زمین میں فاسفورسی کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنائیں تاکہ مویشیوں وجانوروں کی دودھ وگوشت کی پیداوار ی صلاحیت میں اضافہ ممکن بنایاجاسکے۔