سیالکوٹ۔19جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈپٹی ڈائریکٹرڈاکٹر تنویر احمد نے کہا کہ جانوروں اور مویشیوں میں منہ کھر جانوروں کی ایک متعدی بیماری ہے جس کا وائرس منہ، معدہ اور کھروں کے درمیان حملہ کرتا ہے، اس بیمار ی کی وجہ سے جانور خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور انہیں تیز بخار ہونے کے علاوہ ان میں دودھ کی کمی بھی واقع ہوجاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ بروقت علاج سے جانوروں میں منہ کھر کی بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے ،منہ کھر کا وائرس جانوروں کے منہ اورکھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتا ہے جبکہ بھینسوں اور گائے میں زبان، تالو، مسوڑھوں، حیوانہ اور کھروں کے درمیان چھالے بن جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ اس بیماری سے متاثرہ جانور وں کو تیز بخار ہو جاتا ہے جبکہ وہ خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہو جاتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ بھیڑوں اور بکریوں میں چھالوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں اور منہ سے رال ٹپکتی ہے،موسم گرمامیں برسات سے قبل گائیوں، بھینسوں کو گل گھوٹو کے حفاظتی ٹیکے لگوا کر گل گھوٹو سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور حفاظتی ٹیکے لگوانے کیلئے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں یا ڈسپنسریز سے رابطہ کیا جا ئے۔