اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے صحافی جاوید شہزاد کی وفات کو ذمہ دارانہ صحافت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے صحافت کے میدان میں عظیم اصولوں کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے اتوار کو مرحوم صحافی جاوید شہزاد کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ جاوید شہزاد مرحوم کے بھائی اور بیٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے جاوید شہزاد کو ایک غیر معمولی مہربان اور ہمدرد فرد قرار دیا جن سے وہ روزانہ رابطے میں رہتے تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ وہ ایک ایماندار اور ذمہ دار صحافی تھے جنہوں نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے نبھائیں، ان کا نام ایک مستعد صحافی کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جو صحافت کی عظیم اقدار پر پختہ یقین رکھتے تھے۔