اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی)سابق وفاقی وزیر سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، انہیں مشترکہ اجلاس میں ضرور شرکت کرنی چاہیے تھی، بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دنیا کو ایک مضبوط پیغام دینے کا ایک اچھا موقع تھا، انہوں نے کہا کہ مجھے تولگتا ہے کہ عمران خان نے کسی کے اشارے پرمشترکہ اجلاس میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کو سمجھنا چاہیے کہ کرکٹ سیاست نہیں اس لیے روٹھ کر بالکل الگ تھلگ نہیں بیٹھنا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ یہ کرکٹ نہیں بلکہ ملکی سالمیت کا مسئلہ ہے جس پر قومی یکجہتی انیتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، ابھی دو روز پہلے ہی تو عمران خان نے پارلیمنٹ کے اس مشترکہ اجلاس میںجانے کا اعلان کیا تھا پھر اچانک اجلاس کا بائیکاٹ بھی کردیا جو سمجھ سے بالاتر ہے