جاپان،وزارت صنعت کا درمیانے درجے کی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے سبسڈی پر غور

111
Japan
Japan

ٹوکیو۔23نومبر (اے پی پی):جاپان کی وزارت صنعت نے کہا ہے کہ وہ درمیانے درجے کی کمپنیوں کو دی جانے والی سبسڈی میں اضافے کی منصوبہ بندی کررہی ہے،

اس کا مقصد ان کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے نے وزارت صنعت کی جاری سروے رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 10 سال میں درمیانے درجے کی کمپنیوں میں ملازمین کی تعداد اور اجرتوں میں بڑی کمپنیوں کی نسبت زیادہ اضافہ ہوا ہے،حکومت چھوٹے کاروباری اداروں کی مدد کرتی آئی ہے اور اب اس کا ہدف اعانتوں کو درمیانے درجے کی کمپنیوں تک وسعت دینا ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ نئے منصوبوں، کارخانوں اور آلات کے لیے سرمائے کی فراہمی کے لیے سبسڈی جو چھوٹی کمپنیوں کے لیے دستیاب تھی اب درمیانے درجے کی کمپنیوں کو بھی میسر ہو گی، یہ سبسڈی اس مالی سال کے ضمنی بجٹ میں شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر پیداواری سرمایہ کاری اور دیگر کمپنیوں کی خریداری کے ذریعے توسیع کی حوصلہ افزائی کے لیے درمیانے درجے کی کمپنیوں کو ٹیکس مراعات دینے پر بھی غور کر رہی ہے،اس کا اطلاق 2,000 سے کم ملازمین والی ان کمپنیوں پر ہو گا جو چھوٹی کمپنیوں کے زمرے میں نہیں آتیں۔