ٹوکیو ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) جاپان میں آرٹ کے ایک بین الاقوامی ایونٹ کے منتظمین نے آزادی اظہار کے بارے میں ایک متنازعہ نمائش کے آئندہ ہفتے دوبارہ انعقاد پر غور شروع کر دیا ہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وسطی جاپان میں یکم اگست 2019 ء کو شروع کی جانے والی متنازعہ نمائش کوآغاز کے تیسرے روز ہی بند کر دیا گیا تھا۔ نمائش میں پیش کئے جانے والے بعض فن پاروں کے بارے میں دھمکیاں ملنا شروع ہو گئیں تھیں۔ ان شہ پاروں میں، جنگی دور کی نمائندگی کرنے والی کمفرٹ ویمن کی علامت ایک مجسمہ بھی شامل تھا۔نمائش سے متعلق افراد نے ناگویا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں حکم امتناعی کے لیے درخواست بھی دائر کر رکھی تھی جس میں ایونٹ کی انتظامی کمیٹی سے نمائش کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کمیٹی کے سربراہ، ائچی کے گورنر ہیدے اکی اومْورا اور انتظامی کمیٹی اس نمائش کا6 یا 8 اکتوبر کو دوبارہ انعقاد چاہتی ہے۔