جاپان، کولیسٹرول کم کرنے کے لئے غذائی سپلیمنٹس کے استعمال سے 2افراد ہلاک، 106 ہسپتال میں داخل

134
جاپان، کولیسٹرول کم کرنے کے لئے غذائی سپلیمنٹس کے استعمال سے 2افراد ہلاک، 106 ہسپتال میں داخل

ٹوکیو۔27مارچ (اے پی پی):جاپان میں کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے غذائی سپلیمنٹس کے استعمال سے 2افراد ہلاک اور 106 ہسپتال میں داخل ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاپان حکومت نے بدھ کو بتایا کہ کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے غذائی سپلیمنٹس کے استعمال کے باعث 2افراد ہلاک اور 100سے زائد ہسپتال داخل ہو گئے۔

حکام صارفین کی جانب سے گردوں میں تکلیف کی شکایات کے بعد جاپانی دوا ساز کمپنی کوبایشی فارماسیوٹیکل کی جانب سے گولیاں واپس منگوانے کے بعد تحقیقات کر رہے ہیں۔ کمپنی نے تین سپلیمنٹ برانڈز ’’بینی کوجی کولیسٹ ہیلپ‘‘ اوردیگر 2 پروڈکٹس کو واپس منگوا لیا ہے جن میں سرخ خمیری چاول یا ’’بینی کوجی ‘‘ نامی جزو ہوتا ہے۔

طبی مطالعات میں سرخ خمیری چاول کو ہائی کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے سٹیٹنزکے متبادل کے طور پر بیان کیا گیا ہے لیکن اس کے کیمیائی اجزا سے اعضا کو نقصان کے خطرے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ حکومت کے اعلیٰ ترجمان یوشیماسا حیاشی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مشتبہ اموات کی تعداد 2 ہو گئی ہے جبکہ ممکنہ طور پر اس سے منسلک 106 کیسز ہسپتال میں داخل ہونے کے سامنے آئے۔

سپلیمنٹ بنانے والی کمپنی کوبایشی فارماسیوٹیکل نے خبردار کیا ہے کہ وہ صحت کے مسائل اور اس کی مصنوعات کے درمیان کسی وجہ سے تعلق کے بارے میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچی ہے۔ اوساکا میں قائم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے جاپان میں تقریباً 50 دیگر فرمز اور تائیوان میں 2 فرمز کو سرخ خمیری چاول بھی فراہم کئے ہیں۔

کوبایشی فارماسیوٹیکل نے بتایا کہ وہ 2 اموات سے آگاہ ہے جو ممکنہ طور پر جمعے کو رضاکارانہ طور پر واپس منگوائے گئے سپلیمنٹس سے متعلق ہیں، لیکن اس نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ درجنوں جاپانی فرمز جنہوں نے کوبایشی فارماسیوٹیکل کی طرف سے فراہم کردہ بینی کوجی کا استعمال کیا ہے، نے بھی علیحدہ طور پر مصنوعات واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔