جاپان، 2011 کی قدرتی آفت میں ہلاک ہونے والوںکیلئے تقریب

87

ٹوکیو ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)جاپان میں 2011 میں آنے والے زلزلے اور سونامی میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں شمال مشرقی شہر ایواتے میں تعمیر کردہ یادگار تقریب کا انعقادکیا گیا۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایواتے میں رِکوزین تاکاتا میں زیرتعمیر تاکاتا ماتسْوبارا سونامی ری کنسٹرکشن میموریل پارک میں تعمیر شدہ یادگار پر منعقدہ تقریب میں شہزادی تاکامادو سمیت 200 کے قریب افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں شہزادی تاکامادو نے کہا کہ مارچ 2011ء کے سانحے کا سامنا کرنے کے بعد جاپان میں سانحات کا مقابلہ کرنے کی تعلیم کی ضرورت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ یادگاری پارک ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ اندرون ملک اور بیرون ملک رہنے والوں اورآئندہ نسلوں کو بھی سانحات کی حقیقت سے روشناس کرانے اور اس سے حاصل شدہ تجربات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ یہ یادگار سے ملحقہ پارک منصوبے کے مطابق مارچ 2021 میں مکمل ہو گا۔