
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) جاپان انٹرنیشنل کوآرڈینیشن ایجنسی (جائیکا) اوراقوام متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشنز چلڈرن فنڈ (یونیسف) کے مابین منگل کو ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے جس کے تحت جاپانی حکومت پولیو سے بچاو کے پروگرام ”منصوبہ برائے پولیو کنٹرول و تدارک“ کے 404 ملین جاپانی ین (4 ملین امریکی ڈالر) کی مالی امداد فراہم کرے گی۔ حالیہ معاہدہ کے تحت حاصل ہونے والے مالی تعاون سے پولیو سے بچاو کے حفاظتی ٹیکوں (آئی پی وی) کی 3.9 ملین کے قریب خوراکوں اور دیگر متعلقہ سامان کی خریداری میں مدد ملے گی جو کہ پاکستان میں پولیو وائرس سے شدید متاثرہ اضلاع میں موجود 4 سے 23 ماہ کی عمر کے تقریباً 3.3 ملین بچوں کو اس موذی وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کےلئے کافی ہے۔ معاہدہ پر دستخط کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں پولیو تدارک کےلئے جاری پروگرام پر وزیراعظم کی ترجمان سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ ”پاکستان میں پولیو وائرس کی موجودہ صورتحال آج سے پہلے اتنی اطمینان بخش کبھی نہ تھی اور بلاشبہ پولیو تدارک کے اس مشن میں کامیابی اب زیادہ دور نہیں۔ اگرچہ ہم اپنے اہداف کے حصول کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں لیکن اس کیلئے ہم سب کو انتہائی ایمانداری کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔