ٹوکیو۔30نومبر (اے پی پی):جاپان کے غوطہ خوری کے بڑے مقام واکایاما میں غوطہ خوروں نے کرسمس کی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے کرسمس ٹری نصب کر دیا ہے۔
جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق غوطہ خوروں نے تعطیلات کے آغاز سے پہلے ہی مغربی شہر واکایاما کے کُشی موتوعلاقے میں سمندر کے اندر کرسمس ٹری نصب کر دیا ۔آٹھ غوطہ خور جن میں سے کچھ نے سانتا کلاز کے ملبوسات پہنے ہوئے تھے، جاپان کے سب سے بڑے جزیرے ہونشُو کے انتہائی جنوبی مقام کیپ شی اونومیساکی سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر غوطہ خوری کے مقام کی جانب روانہ ہوئے۔
انہوں نے آرائشی اشیا اور گھنٹیوں سے مزین 3 میٹر قامت کے درخت کو سطح سمندر سے 18 میٹر نیچے سمندری تہہ پر نصب کرنے کے لیے ریت کے تھیلوں اور رسیوں کا استعمال کیا۔یہ درخت 25 دسمبر تک نصب رہے گا۔واضح رہے کہ ڈائیونگ سروس آپریٹرز کی ایک تنظیم ہر سال مقامی کمیونٹی کو متحرک کرنے کی کوششوں کے طور پر سمندر کے اندر کرسمس ٹری نصب کرتی ہے۔