ٹوکیو ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے کم اور معمر ہوتی ہوئی آبادی اور سماجی تحفظ کے نظام سمیت قوم کو درپیش بڑے مسائل کے بارے میں اپنی پالیسیوں کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے پارلیمان کے خصوصی اجلاس کے آغاز پر پالیسی خطاب کیا۔گزشتہ مہینے کابینہ میں ردوبدل کے بعد یہ ان کا پہلا خطاب تھا۔شنزوابے نے آبادی کے مسئلے کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے ایک ایسا معاشرہ تخلیق کرنے کا کہا جس میں آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے طرح طرح کے طریقے اختیار کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سماجی تحفظ کا ایسا نظام رائج کرنا چاہتے ہیں جو عمر کے تمام گروپوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو فائدہ پہنچائے۔انہوں نے سکول جانے کی عمر سے کم عمر بچوں کی تعلیم اور بچوں کی دیکھ بھال جیسی بلامعاوضہ خدمات کے ذریعے، بچوں کی پرورش کرنے والے گھرانوں کا بوجھ کم کرنے اور ایک ایسا معاشرہ قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا، جہاں جدوجہد کرنے والے بچے اپنے خوابوں کی تعبیر پا سکیں۔انہوں نے 70 سال کی عمر تک کے کارکنان کے لیے ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے اور جز وقتی کارکنان کی بہبود کے لیے پنشن کے نظام کو پھیلانے کا بھی عزم ظاہر کیا تاکہ انہیں بڑی عمر میں بھی تحفظ کا احساس ہو سکے۔