جاپانی کمپنیوں نے پاک جاپان تعلقات  اور سرمایہ کاری تعلقات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے،میاں ریاض حسین پیرزادہ

162
جاپانی کمپنیوں نے پاک جاپان تعلقات  اور سرمایہ کاری تعلقات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے،میاں ریاض حسین پیرزادہ

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے  شہنشاہ جاپان  کی 63 ویں سالگرہ منانے کے لیے جمعرات کو یہاں  پاکستان میں جاپانی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے خوشی کے موقع پر جاپان کی حکومت اور عوام کو تہہ دل سے مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ریاض حسین پیرزادہ  نے کہا کہ ہم جاپان کے ثقافتی ورثے کی قدر کرتے ہیں، ایک ایسا ملک جس نے دنیا میں خاص طور پر سائنسی شعبے میں بے پناہ خدمات سرانجام دی ہیں۔  جاپانی لوگ روایات کے احترام اور جدت طرازی کے لیے اپنی انتھک وابستگی کے لیے جانے جاتے ہیں۔  پاکستان کے لوگ جائیکا کے ذریعے ترقی پذیر دنیا کے لیے معاونت پر جاپان کی سخاوت کے مقروض ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات اور گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان کی ترقی کی کوششوں میں جاپان کی اہم شراکت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جائیکا نے کئی دہائیوں کے دوران  13 ارب امریکی ڈالر کی امداد کے ساتھ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم 2022 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد جاپان کی عوام اور حکومت کی مدد اور اس امداد کے لیے خاص طور پر شکر گزار ہیں جو حکومت جاپان نے 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہونے والی ریزیلیئنس پاکستان کانفرنس کے دوران دی ۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان سیاسی، معاشی، سائنسی، تعلیمی شعبوں میں ہمیشہ دوستانہ دوطرفہ تعلقات رہے ہیں تاہم پاکستان جاپان کے ساتھ اقتصادی و کاروباری تعلقات، انسانی وسائل کی ترقی کے اقدامات، دفاعی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے رابطوں کے حوالے سے تعلقات کو تعاون کی ایک نئی اور اعلیٰ سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں نے پاک جاپان تعلقات اور سرمایہ کاری تعلقات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت آٹو، فارما، ٹیکسٹائل، اسٹیل، مشینری اور تجارتی شعبوں میں 80 سے زائد جاپانی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔  پاکستان اور جاپان نے استعداد کار میں اضافے اور جاپان کو افرادی قوت کی برآمد میں تعاون کے لیے دو میمورنڈیم آف کوآپریشن (ایم او سی) پر بھی دستخط کیے ہیں۔

 ان ایم او سیز کا مقصد ہنر مند پاکستانی کارکنوں کے لیے جاپان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے جاپان کے شہنشاہ کو سالگرہ کی پرتپاک مبارکباد اور جاپانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور نیک خواہشات کا اعادہ کیا۔