ٹوکیو ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) سمندری طوفان ہائی شین جنوب مغربی جزیرے کیوشو سے گزر گیا ہے تاہم جاپان کے حکام مسلسل محتاط رہنے کی تاکید کر رہے ہیں۔اس طوفان سے جاپان کے کیوشو اور چوگوکو خطے میں طوفانی ہوائیں چلیں اور شدید بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر کئی حصوں میں بھی اس طوفان کی وجہ سے شدید بارش ہوئی ہے۔ حکام مٹی کے تودے گرنے، دریاﺅں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کے خطرات سے خبردار کر رہے ہیں۔کیوشو میں کم از کم 46 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ میازاکی پریفیکچر کے حکام کے مطابق مٹی کے ایک تودے کی لپیٹ میں آنے والی عمارتیں دریا میں جا گرنے کے بعد سے 4 افراد لا پتہ ہیں ۔ سمندری طوفان کے باعث خاص طور پر کیوشو میں 3 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کہنا ہے بجلی کی بحالی کا کام جلد از جلد شروع کر دیا جائے گا۔