ٹوکیو۔27اکتوبر (اے پی پی):جاپان بھر میں آبادیوں میں ریچھوں کے نمودار ہونے کے واقعات 5 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچنے کے بعد حکام نے ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق یکم ستمبر سے 23 اکتوبر کے دوران کم از کم 63 افراد ریچھوں کے حملوں کا نشانہ بنے اور بعدازاں ان میں سے 2 کی موت واقع ہو گئی۔متعلقہ وزارتوں اور قومی پولیس ایجنسی کے عہدیداروں نے انسانی آبادیوں میں لوگوں پر حملہ کرنے والے والے ریچھوں سے نمٹنے کے طریقوں پربات چیت کی۔وزارتِ ماحولیات کی عہدیدار ناکاؤ فُومیکو نے کہا کہ اس موضوع پر عوامی تجسّس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ریچھوں کے مزید حملوں کی روک تھام کے لیے سرکاری اداروں میں قریبی تعاون پر زور دیا۔اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ اپریل تا ستمبر کے دوران آبادیوں میں ریچھ دکھائی دینے کے 13 ہزار 670 واقعات ہوئے۔ گزشتہ 5 سالوں میں یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔شرکا کو یہ بھی بتایا گیا کہ ریچھوں کے علاقوں میں شاہ بلوط کے پھل اور ان کی دوسری خوراک کمیاب ہوتی جا رہی ہے۔