ٹوکیو۔17مارچ (اے پی پی):جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں 7.4 درجے شدت کے زلزلے میں اموات کی تعداد بڑھ کر4 ہوگئی اور 107افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ زلزلے کے بعد جاری کی گئی سونامی وارننگ واپس لے لی گئی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ جاپان کے شمال مشرقی علاقوں خاص طور پر میاگی اور فوکوشیما سمیت 7پریفیکچرز میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کا مرکز فوکوشیما کے قریب سمندر میں 60 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا ۔
زلزلے کے باعث توہوکو شنکانسن بلٹ ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے بعد بلٹ ٹرین سروس معطل کر دی گئی تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوئی لیکن 75 مسافر اور عملے کے 3 ارکان چار گھنٹے تک ٹرین میں پھنسے رہے۔ ایکسپریس وے بشمول اوساکی، میاگی پریفیکچر اور سوما، فوکوشیما میں جوبین ایکسپریس وے کی شاہراہوں کے مختلف حصوں میں دراڑیں پڑ گئیں جس پر ایسٹ نیپون ایکسپریس وے کمپنی نے ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پربند کر دیا۔میاگی اور فوکوشیما پریفیکچرز کے ساحلی علاقوں میں سونامی وارننگ واپس لے لی گئی۔
جمعرات کی صبح تک آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ حکومتی ترجمان ہیروکازو ماتسونو نے کہا کہ زلزلے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی اور 107افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوکوشیما ڈائیچی اور ڈائنی نیوکلیئر پلانٹس اور اوناگاوا نیوکلیئر پلانٹ میں ڈیٹا میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ زلزلے کے بعد ٹوکیو اور دیگر مقامات پر تقریباً 20 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہو گئے اور 4 ہزار 300گھروں میں پانی کی سپلائی معطل رہی۔