ٹوکیو۔2دسمبر (اے پی پی):جاپان نے تنازعات میں گھرے خطّوں سے ہجرت کرنے والوں کو عارضی پناہ گزین کا درجہ دینے کا آغاز کر دیا ہے، جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق جاپانی امیگریشن سروسز ایجنسی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایسے غیر ملکی شہریوں کی مدد کے لیے ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے جو تنازعات میں گھرے علاقوں سے ہجرت کر چکے ہیں، لیکن پناہ گزین کے درجے کے لیے جاپان کے قوانین پر پورا نہیں اترتے۔
نئے پروگرام کے معیار پر پورا اترنے والے مہاجرین کو ’’عارضی پناہ گزین‘‘ کے طور پر تسلیم کر لیا جائے گا۔اگر مہاجرین خواہش کا اظہار کریں تو انہیں جاپانی زبان کی تعلیم اور جاپان میں روز مرّہ زندگی کے بارے میں رہنمائی وغیرہ بھی فراہم کی جائے گی اور وہ مالی امداد کے بھی حقدار ہوں گے۔
امیگریشن سروسز نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز گزشتہ روزسے کردیا گیا ہے اور اسے یوکرینی باشندوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے۔