جاپان نے فلسطینیوں کے خلاف پر شدد کارروائیوں پر4 اسرائیلی یہودی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کر دیں

164

ٹوکیو۔23جولائی (اے پی پی):جاپان نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف پر شدد کارروائیوں پر 4 اسرائیلی یہودی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کر دیئے ہیں۔رائٹرز کے مطابق جاپان کی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیماسا ہیاشی نے منگل کو کہا کہ مغربی کنارے میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ سال اکتوبر سے ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال میں اور جی ۔7 ممالک اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاپان نے پرتشدد کارروائیوں میں ملوث 4 اسرائیلی یہودی آباد کاروں کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئےان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان ان اثاثوں کو منجمد کرنے کے اقدامات کو مستقل طور پر نافذ کرے گا اور اسرائیلی حکومت پر زور دیتا رہے گا کہ وہ جی ۔7 سمیت عالمی برادری کے تعاون سے مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر روکے۔واضح رہے کہ برطانیہ، امریکا اور کینیڈا نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے درمیان مغربی کنارے میں تشدد میں اضافے کے ردعمل میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔