جاپان کا بحرالکاہل میں مچھلی کے شکار کا کوٹہ بڑھانے کا عندیہ

113
Japan
Japan

ٹوکیو۔1دسمبر (اے پی پی):جاپان نے آئندہ سیزن کے لیے بحرالکاہل کی بڑی بلُو فِن ٹُونا مچھلیوں کے شکار کے کوٹے کو بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔

جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ماہی گیری ایجنسی نے ملکی ماہی گیروں کے لیے شکار کی حد بڑھانے کا اپنا مسودہ پیش کر دیا ہے۔مذکورہ ایجنسی گہرے سمندر میں شکار کا کوٹہ موجودہ سیزن کے مقابلے میں 9 فیصد بڑھانا چاہتی ہے، جس سے مجموعی ماہی گیری بڑھ کر4ہزار820 ٹن سے کچھ زائد ہو جائے گی۔ ساحلی ماہی گیری کا کوٹہ معمولی اضافے کے ساتھ ایک ہزار 745ٹن تک پہنچ گیا ہے۔

جولائی میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے مندوبین نے بحرالکاہل کی 30 کلوگرام یا اس سے زائد وزن کی بلُو فِن ٹُونا مچھلیوں کے شکار کی حد بڑھانے اور اس سے چھوٹی بلُو فِن ٹُونا مچھلیوں کے لیے حد کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ کانفرنس کے ارکان اگلے ماہ اکٹھے ہونے پر اس تجویز پر تبادلہٴ خیال کریں گے۔اس اجلاس کے نتائج کی بنیاد پر ماہی گیری ایجنسی اپنے تقسیم کے منصوبے پر باضابطہ فیصلہ کرے گی۔