ٹوکیو ۔12جون (اے پی پی):جاپان نے ذخیرہ شدہ چاولوں کی فروخت کےدوسرے مرحلےکے لیے درخواستیں لینا شروع کر دی ہیں۔ این ایچ کے کے مطابق جاپان کے وزیر زراعت کوئزُومی شِنجیرو نے کہا ہے کہ وزارت کو فروخت کے دوسرے مرحلے کے پہلے گھنٹے میں تقریباً 30 خریداروں سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کو فروخت کے پہلے گھنٹے میں تقریباً 30 خریداروں سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ کوئزُومی نے 2 لاکھ ٹن چاول جاری کیے جانے کا گزشتہ روز اعلان کیا تھا۔ اس کی نصف مقدار بولی کے بغیر معاہدوں کے تحت دستیاب ہے۔
گزشتہ راؤنڈ کے 20 ہزار ٹن چاول ابھی فروخت ہونا باقی ہیں۔ اس کھیپ کے تمام چاول فروخت ہونے کے بعد باقی ماندہ مقدار بھی دستیاب ہو گی۔بیشتر خوردہ فروشوں کے ساتھ ساتھ چاول کی چکیاں چلانے والے تقسیم کے مراکز بھی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔درخواستوں میں چاول کی مقدار کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے، لیکن اسے اگست تک صارفین کو فروخت کے لیے پیش کیا جانا ضروری ہے،تاہم گزشتہ فروخت میں حکومت سے چاول حاصل کرنے والے بعض خوردہ فروشوں نے مزید چاولوں کے لیے درخواست دینے سے پہلے، اپنے پاس موجود اسٹاک کو فروخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
وزیر زراعت نے ذخیرہ شدہ چاولوں کے تقسیم کنندگان کے درمیان دوبارہ فروخت پر پابندی کے لیے قانون سازی کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا تھا کہ سرکاری چاول زیادہ قیمتوں پر دوبارہ فروخت کرنے والوں کو ایک سال قید یا 10 لاکھ ین تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضرورت مندوں تک ذخیرہ شدہ چاول پہنچانے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔