اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان نے کہاہے کہ جاپان کی اقتصادی معاونت نے پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکیاہے اوریہ کردارمستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے، پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں بین الاقوامی ترقی کیلئے جاپانی کی ایجنسی (جائیکا) کے چیف نمائندہ برائے پاکستان شیگیکی فوروٹا کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں کہی،اجلا س میں خیبرپختونخوا میں جاری اورمستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیا گیا۔آکیروتھاکاشیما، ڈاکٹرہارون، جائیکا کے ساوروکا نوری یوکی اوروزارت اقتصادی امورکے سینئیرافسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔وفاقی وزیرعمرایوب خان نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوطرفہ اوردوستانہ تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے،اہم علاقائی اوربین الاقوامی اقتصادی امورپردونوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ جاپانی کی اقتصادی معاونت نے پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکیاہے اوریہ کردارمستقبل میں بھی جاری رہنا چاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ سابق قبائیلی اضلاع کے خیبرپختونخوامیں انضمام کے بعد صوبہ کے ترقیاتی پورٹ فولیومیں اضافہ کردیاگیاہے،صوبہ میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے حکومت ان علاقوں میں تعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری، کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر، مہلک بیماریوں کے خلاف ویکیسن اورصحت کی سہولیات کی فراہمی، بالخصوص بچیوں اورخواتین کوصحت اورتعلیمی خدمات کی فراہمی، کولڈسٹوریج منیجمنٹ، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی،سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اورنوجوانوں کو ہنراورتربیت کی فراہمی میں پرعزم ہے۔
جائیکا کے چیف نمائندہ برائے پاکستان شیگیکی فوروٹا نے اجلاس کے انعقاد پروفاقی وزیرکاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت جاپان کی جانب سے سماجی شعبہ، قدرتی آفات سے نمٹنے، واٹرٹریٹمنٹ، بنیادی ڈھانچہ اورزرعی شعبہ میں معاونت کوترجیح دی جارہی ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کے دائرہ کارمیں وسعت لانے کے امکانات پربھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں جاپان کی جانب سے لاہوراورکراچیمیں ٹرانسپورٹ نظامکے لئے ماسٹرپلان کی تیاری میں معاونت کوسراہاگیا اورجاپان سے خیپرپختونخوا کے بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کے لئے ماسٹرپلان کی تیاری میں تکنیکی معاونت کی فراہمی کی درخواست کی گئی۔اجلاس میں پاکستان میں جاری منصوبوں کوبروقت مکمل کرنے پربھی اتفاق کیاگیا۔