ٹوکیو۔ 3 ستمبر (اے پی پی)جاپان کی چین کے لیے برآمدات میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں کمی ہوئی ہے۔ جاپانی کمپنیوں نے تجارتی محصول سے بچنے کے لئے پیداواری مراکز دیگر مقامات پرمنتقل کردیئے ہیں، جس کی وجہ سے برآمد کم ہوئی۔ جاپانی وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا جون کے دوران چین کے لیے ترسیل گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہو کرتقریباً 66 ارب ڈالر رہی ہے۔ جولائی میں چین کو کی جانے والی برآمدات میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہوکر ان کی مالیت 12 ارب ڈالر رہی گئی ہے۔جاپانی کمپنیاں امریکی منڈی کے لیے بے شمار مصنوعات چین میں تیار کراتی ہیں لیکن چین اور امریکہ ایک دوسرے کی درآمدات پر تادیبی محصولات عائد کر رہے ہیں جس کے باعث جاپانی کمپنیاں دوسرے مقامات کا رخ کر رہی ہیں۔