
اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) پاکستان میں متعین جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے کہا ہے کہ دیگر اقوام اور ان کی ثقافتوں کے احترام سے ہم آہنگی کو فروغ اور دلی سکون ملتا ہے، جاپانی چائے کی تقریب جاپان کا ایک بہت ہی روایتی اور منفرد ثقافتی پہلو ہے، سبز چائے کی تیاری اور پینا ایک فن ہے جسے سیکھنے کیلئے کئی سالوں کا مطالعہ ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر روایتی جاپانی چائے کی تقریب کے موقع پر کہی۔ جاپانی سفارتخانہ نے جاپانی ثقافت کے پہلو سے روشناس کرانے کی غرض سے روایتی انداز میں سبز چائے کی تیاری کا عملی مظاہرہ کرنے کا اہتمام کیا تھا۔ روایتی جاپانی ڈریس کیمونو میں ملبوس جاپانی خواتین نے روایتی سبز چائے کی تیاری کا عملی مظاہری کیا جسے موقع پر موجود لوگوں نے بے حد سراہا۔