جبوتی کے پارلیمنٹرین اور عملے کو تربیت دینے سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں، محمد صادق سنجرانی

84
محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان کے ایوان بالانے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پی آئی پی ایس) کے پلیٹ فارم سے جبوتی کے پارلیمنٹرین اور عملے کی تربیت اور استعداد کارکو بڑھانے کی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے جبوتی کے صدر اور قائم مقام چیئرمین افریقی یونین پارلیمنٹ محمد علی حاومید سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں کہا کہ جبوتی کے پارلیمنٹرین اور عملے کو تربیت دینے سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت اور صلاحیت کی تعمیر ہماری ترجیح ہے اور ملکی و بین الاقوامی ماہرین کو شامل کرکے بہترین تربیت اور معلومات فراہمی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افریقی ممالک سماجی اور سیاسی طور پر پاکستان کے بہت قریب ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کو بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبوتی اور دیگر افریقی ممالک کو گوادر میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھانا چاہئے جو نہ صرف اس خطے کے لئے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز ثابت ہو گا بلکہ افریقی ممالک کیلئے بھی موثر تجارت و سرمایہ کاری کا مرکز ثابت ہو سکتا ہے۔پارلیمانی وفد کے قائد نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام پہلے ہی بہت قریب ہیں اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افریقی ممالک کے پارلیمنٹیرینز اور پارلیمانی عملے کی تربیت کے مواقع سے ان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔