جب تک جہانگیر ترین پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا ان کو مجرم کہنا زیادتی ہوگی، ڈاکٹر شہباز گل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

51
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ کابینہ سے جہانگیر ترین کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی، جب تک جہانگیر ترین پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا ان کو مجرم کہنا زیادتی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر سکینڈل پر بنائے گئے کمیشن کی رپورٹ اور جہانگیر ترین کے تحفظات کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر کی تحقیقاتی رپورٹ ابھی نہیں آئی ہے، جب رپورٹ آ جائے گی تو سب کے سامنے لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اندر سے جہانگیر ترین کے خلاف کوئی سازش پہلے ہوئی نہ ہی اب ہو رہی ہے، شوگر سکینڈل کے حوالے سے ایک کمیشن بنا، اس کمیشن نے اپنی ایک رپورٹ دی اور اسی رپورٹ کی بناء پر کارروائی ہوئی، جہانگیر ترین کے اس رپورٹ کے حوالے سے تحفظات ہیں اور انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جو ان کا حق بھی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک عدالت کسی بھی شخص کو مجرم قرار نہیں دیتی اس وقت تک وہ بے قصور ہوتا ہے، اسی طرح جب تک جہانگیر ترین پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا ان کو مجرم کہنا زیادتی ہوگی، اس لئے وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو یہ ذمہ داری سونپی ہے اور وہ اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں ۔