جب تک مزدوروں کے حالات نہیں بدلیں گے ملک میں پائیدار ترقی کا خواب نامکمل رہے گا، بلاول بھٹو زرداری

67

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں محنت کشوں کے حقوق تسلیم کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے ہمیشہ اگلی صفوں میں رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریئے و منشور کی اساس محنت کشوں کی بہبود و ترقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا پیش کردہ 1973ع کا آئین محنت کشوں کو منصفانہ اجرت، ان کی جانوں کی حفاظت اور روزگار دینے والوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کی ضمانت دیتا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے پیش کردہ لیبر پالیسی آج بھی ملک کے مزدوروں کے حقوق کے لئے کسوٹی کا درجہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر امپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم ، 2013-18 کے دوران حکومت سندھ کی پیش کردہ پہلی صوبائی سہ فریقی مزدور پالیسی،اور بے زمیں کاشتکاروں کو زرعی قطعات کا مالک بنانا عوامی حکومتوں کی جانب سے کئے گئے دیگر بیشمار میں سے چند اقدامات ہیں۔ پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ نے موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ سلیکٹڈ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے قومی معیشت کی سانسیں اُکھڑ چکی اور غریبوں کا جینا محال ہو گیا ہے، ایسے مشکل حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں رلیف دلوانے کے لئے میدان میں کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے تمام مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کو یقین دلایا ہے کہ ان کی جماعت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان کے محنت کشوں کی وکیل اور محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی۔