جب عمران خان نےپاکستانی عوام کا پیسہ دھوکے اور فراڈ سے ملک ریاض کے اکائونٹ میں ڈال دیا ، خواجہ محمد آصف

148

سیالکوٹ۔17جنوری (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جب عمران خان چورچور اور ڈاکو کے نعرے لگا رہا تھا اسی وقت اس نے اتنا بڑا فراڈ کیا اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سےپاکستان آنے والا پیسہ اس نے ملک ریاض کے اکائونٹ میں ڈال دیاجو کہ اصل میں پاکستانی عوام کا پیسہ تھا جسے عمران خان نے دھوکے اور فراڈ سے ملک ریاض کے اکائونٹ میں ڈال دیا اور سپریم کورٹ جس میں ثاقب نثار بھی موجود تھا اس دوران یہ سب کچھ ہوا، القادر یونیورسٹی کا فیصلہ سامنے آیا ہے جب ریاست کے بڑے عہدوں پر بیٹھنے والوں کے خلاف اس طرح کے فیصلے آئیں تو یہ بڑے دکھ کی بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے گئے اور جب انکے خلاف کچھ بھی نہ ملا تو فقط ایک اقامےپر انہیں ملک سے بے دخل کر دیا گیا، نواز شریف پر تمام کے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد القادر یونیورسٹی ہے ہی نہیں ، اس کی ٹرسٹی عمران خان کی اہلیہ ہیں اور وہ خود ہیں۔ القادر یونیورسٹی کو شروع ہوئے چار سال کا عرصہ ہو چکا ہے لیکن اس میں 300 کے لگ بھگ بچے ہیں ، کیا یونیورسٹیوں میں اتنے ہی بچے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی میں کتنی کلاسیں ہوتی ہیں، کتنی ڈگریاں دی جاتی ہیں، وہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے، اس یونیورسٹی کا کیا کردار ہے اس بارے میں میڈیا کو چاہیئے کہ وہ خود وہاں جا کر تحقیقات کرے اور دیکھے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے ، اب تک 4 سال میں وہاں کتنے لوگ فارغ التحصیل ہوئے ہیں اور کتنے طلبا وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے چار پانچ وزراء اس بارے ٹی وی پر آ کر بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں اس بند لفافے بارے کچھ بھی نہیں بتایا گیا جس کی وجہ چوری کا مال ہڑپ کرنا تھا، پاکستان میں کبھی بھی چوری کی واردات کو کابینہ سے تصدیق نہیں کرایا گیا لیکن عمران خان نے یہ بھی کیا اور یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک ریاض بھی اسی لیے ملک سے بھاگا ہوا ہے کیونکہ وہی سب سے بڑا فائدہ اٹھانے والا ہے کیونکہ عمران خان نے یہ ساری رقم اسی کے اکائونٹ میں بھیجی، ملک ریاض سے عوام کا پیسہ ری کور کرنا چاہیئے۔ بس ایک سوال ہے کہ یہ عوام کا پیسہ سرکار کا پیسہ ملک ریاض کے اکائونٹ میں کیوں گیا ؟

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ نام نہاد القادر یونیورسٹی کو عدالت نے حکومت کے حوالے کر دیا ہے۔ القادر یونیورسٹی جس میں صرف 2 ڈیپارٹمنٹ ہیں جہاں300سے 400بچہ پڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت بڑا نوسرباز اور فراڈیا ہے جس نے چوری کا مال ہڑپ کرنے کے لیے ملک و قوم کا پیسہ ملک ریاض کے اکائونٹ میں بھیج دیا اور یہاں دکھ کی بات یہ ہے کہ عمران خان جیسے لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آ کر لوٹ مار شروع کر دیتے ہیں اور پھر انکے حواری گوگا، گوگی وہ بھی ملک و قوم کا پیسہ لوٹ کر ملک سے فرار ہو جاتے ہیں اور اوپر سے پھر ایاک نعبدو و ایاک نستعین پڑھنے لگتے ہیں۔

انہوں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ آج بھی ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، ان لوگوں سے ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، یہ انتشار پھیلا کر ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، ان کے تمام منفی حربے پہلے بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ان لوگوں کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی قیادت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر اپنے ملک نہ بھیجنے کا حربہ بھی استعمال کیا لیکن عوام نے ان کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پہلے سے بھی زیادہ ترسیلات زر بھجوائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو آرڈر کوئی نہیں ہو گا کیونکہ عدالتوں نے جن لوگوں کو سزائیں سنائی ہیں وہی انہیں رہا کر سکتی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہونے چاہییں میں مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن پی ٹی آئی والوں نے جو کچھ ملک و قوم کا لوٹا ہے وہ ان سے پہلے برآمد تو کریں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی نیچے آ رہی ہے جو سنگل ہندسے تک پہنچ چکی ہے جس کا اعتراف عمران خان خود جیل میں بھی کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرح گوگی سمیت عثمان بزدار اور دیگر سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہیئے۔