جدہ ۔13جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کےے شہر جدہ میں کنگ عبدالعزیز روڈ پر انوکھا فوڈ سٹال لگایا گیا جس میں صارف خود مشروب چکھ کر قیمت کا تعین کر سکتے ہیں۔اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ کو شروع کرنے والے نوجوانوں عبدالرحمن اور یوسف الشامی نے بتایا اپنے سٹال پر کسٹمرز کو مشروب کی قیمت کا تعین کرنے کی آزادی دینے کا ایک جدید خیال پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹال میں ’’آئس کرک‘‘اور دیگر مشروبات پیش کررہے ہیں۔ اس انوکھے تجربے کا مقصد کسٹمرز کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا اور انہیں دوبارہ یہاں آنے پر آمادہ کرنا ہے۔ پروجیکٹ پارٹنر یوسف الشامی نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ ہے جس کا مقصد کسٹمرز کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے منفرد خیال اور اس کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ یہاں آئیں، مشروبات کو چکھیں اور پھر خود طے کریں کہ وہ مشروب کی کیا قیمت ادا کرنا چاہتے ہیں۔پروجیکٹ کے دوسرے پارٹنر عبدالرحمن نے بتایا کہ کچھ لوگ ایک ھللہ بھی ادا کرتے ہیں جبکہ کچھ مشروب پینے کے بعد کسی ادائیگی کے بغیر چلے جاتے ہیں تاہم بڑی تعداد میں لوگ توقع سے زیادہ رقم بھی ادا کررہے ہیں۔ جس سے کاروبار کو نقصان نہیں ہورہا۔