جدید نصاب تعلیم کی تشکیل نو کے لئے ترکیہ کے تجربات و مشاہدات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں،مریم نواز شریف

75
Chief Minister Maryam Nawaz

ملتان۔ 10 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں،ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے بہترین دوست ہیں،صدر رجب طیب اردگان کا جدید ترکیہ کا ویژن قابل تحسین ہے،پاکستانی ترکیہ اور اس کے عوام کے لئے بہت محبت رکھتے ہیں،جدید نصاب تعلیم کی تشکیل نو کے لئے ترکیہ کے تجربات اور مشاہدات سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کےساتھ شراکت داری چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ملتان میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر ننھی بچیوں نے ترک زبان میں انہیں خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پرترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تیکن ،ترکیہ کے سفیر معارف انٹرنیشنل سکول فاؤنڈیشن کے صدربیرل ا یکگن اور دیگر ترک حکام بھی موجودتھے۔تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے ترانے بجائے گئے۔تقریب میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول کے بارے میں دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترک معارف انٹرنیشنل سکول کے افتتاح پر ترکیہ کے مہمانوں کا شہر اولیاء میں خیر مقدم اعزاز کی بات ہے،ترکیہ کے وزیر تعلیم کی یہاں موجودگی دونوں قوموں میں گہری اور پائیدار دوستی کی علامت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کے وزیر تعلیم کی موجودگی باعثِ فخر ہے،ترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تیکن کی قیادت اور لگن ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معارف فاؤنڈیشن کے معزز اراکین کو بھی دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ،انتھک کوششوں نے معارف فاؤنڈیشن کو حقیقت کا روپ دیا ہے،تعلیم اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے معارف فاؤنڈیشن کی کاوشیں پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ ویژن کی عکاس ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ معارف فاؤنڈیشن نے خطے کے تعلیمی منظرنامے میں گرانقدر کردار ادا کیا،صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے حقیقی بھائی ہیں،صدر رجب طیب اردگان کی غیرمتزلزل حمایت نے پاک،ترک دونوں قوموں کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے، صدر اردگان کے ویژن نے پنجاب اور ملک بھر میں ترقی اور بہتری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت کے وقت ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنا اخلاص ثابت کیا ہے،دعا ہے کہ پاک ترکیہ دوستی اور شراکت داری آنے والی نسلوں تک پھلتی پھولتی رہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول کا وزٹ کیا اور لائبریری سمیت دیگر شعبے دیکھے۔

افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترکیہ کے وزیر تعلیم پروفیسر یوسف تیکن کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔ترکیہ کے وزیر تعلیم نے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے مریم نواز شریف کو نیک تمناؤں کا پیغام پیش کرتے ہوئے شعبہ تعلیم میں بہتری کے لئے تعاون کی پیشکش کی۔ترک وزیر تعلیم نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ترکیہ کے دورے کی دعوت دی،جسے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے قبول کرلیا۔

دوران ملاقات تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون مزید بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ ترکیہ کے معیاری تعلیمی ماڈلز کو پنجاب میں متعارف کرانے سمیت دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نصاب تعلیم میں جدید میتھ اور دیگر مضامین میں ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کرتے ہوئے ترک حکومت کی جانب سے پنجاب میں جاری تعلیمی خدمات کو سراہا اور ترک وزیر کو پنجاب کے شعبہ تعلیم میں جاری ریفارمز اور پراجیکٹس سے متعلق آگاہ کیا۔ترکیہ کے وزیر یوسف تیکن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کے ایجنڈے کو سراہا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ صدر رجب طیب اردگان کا جدید ترکیہ کا ویژن قابل تحسین ہے،پاکستانی ترکیہ اور اس کے عوام کے لئے بہت محبت رکھتے ہیں،جدید نصاب تعلیم کی تشکیل نو کے لئے ترکیہ کے تجربات اور مشاہدات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔

ترک وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،صدر رجب طیب اردگان کی ہدایت پرپاکستانی بھائیوں کے لئے جو ممکن ہوا،ضرور کرینگے،ترکیہ کی نئی نسل کو فکر اقبال سے متعارف کرا رہے ہیں،شعبہ تعلیم میں پنجاب کی معاونت کے لئے تیار ہیں۔