جدید ٹیکنالوجی سے ہی پیداواری لاگت کو کم کیا اور اس کی بدولت عالمی منڈیوں میں مسابقت قائم کی جاسکتی ہے،میاں فرخ اقبال

60

فیصل آباد۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے سینئروائس چیئرمین میاں فرخ اقبال نے کہا ہے کہ نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن نے جاپان کے اشتراک سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززسیکٹر کی پیداوار کی بہتری کیلئے90 ہزارامریکی ڈالرز مختص کئے ہیں تاہم جدید ٹیکنالوجی سے ہی پیداواری لاگت کو کم کیا اور اس کی بدولت عالمی منڈیوں میں مسابقت کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن اور اے پی اوجاپان کی کوششوں اور اشتراک سے پاکستان میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ میں بھی مدد مل سکے گی۔اس موقع پر نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن کے انچارج ریجنل آفس فیصل آباد محمد عبدالقیوم نے ہفتہ کے روزپاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفترکا دورہ اور بریفنگ سیشن سے خطاب کیا۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو کورونا وائرس کی عالمی وباکی وجہ سے گروتھ میں کمی اور پیداواری لاگت میں اضافہ کے سنگین مسائل درپیش ہیں جن پر قابو پائے بغیر ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں اپنی جگہ نہیں بنا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرشخص پیداواری لاگت میں کمی کرنے کا مطالبہ کرتا ہے لیکن بظاہر موجودہ حالات میں ایسا ممکن نہیں مگر پھر بھی ہم اپنی کارکردگی میں بہتری لا کے ہی پیداواری لاگت کوکم کرسکتے ہیں لہٰذا ہمیں اس پہلو پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے ویلیو ایڈیشن کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان کے ادارے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ موجودہ صنعتوں کی پیداواریت بڑھانے کیلئے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ ضروری تربیتی سہولیات بھی مہیا کرے۔ انہوں نے این پی او کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اے پی او نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززسیکٹر کی پیداواری صلاحیت میں بہتری کیلئے پہلے مرحلہ میں 90,000امریکی ڈالر مختص کئے ہیں جن میں بعد ازاں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سینئر وائس چیئرمین میاں فرخ اقبال نے پی ایچ ایم اے کا مختصر تعارف کروایا اور بتایا کہ پی ایچ ایم اے نٹڈگارمنٹس برآمد کرنے والی سب سے بڑی اور منتخب تنظیم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں اس کی ممبر کمپنیوں کی تعداد 2000 سے زائد ہے اور اس ایسوسی ایشن کو ملک میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایم اے کے ممبر ان سالانہ 3.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کماتے ہیں جبکہ ایسوسی ایشن کے دفاتر فیصل آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے ان کے ممبران کی انرجی ایفیشنسی بہتر اور پراڈکٹس کی ویسٹیج میں کمی آئے گی۔اجلاس میں محمد امجد خواجہ،میاں کاشف ضیاء،حافظ راشد،،جاوید اقبال،حاضر خان و دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔