کوئٹہ۔ 04 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ شفافیت ہی اعتماد کی بنیاد ہے،آج کی تیز رفتار دنیا میں ہمارے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے اعلی معیار کی کسٹمر سروس فراہم کرنا خوش آئند ہے،مزید آن لائن رسائی، فوری اور شفاف خدمات پر توجہ مرکوز کرکے، ہم اپنے صارفین کے ساتھ اعتما اور اعتبار کا رشتہ پیدا کر سکتے ہیں،جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا کر ہم انتظار کے اوقات کو کم کر سکتے ہیں اور کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے پاسپورٹ کے عملے کو اپنے طریقہ کار میں تیزی پیدا کرنے اور ٹائم لائنز کے بارے میں شہریوں کو واضح معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں زونل ڈائریکٹر پاسپورٹ بلوچستان فیاض حسین سے گورنر ہائوس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ فوری اور شفاف خدمات پر توجہ دیکر ہم عوام کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں،ہمارا مقصد ایسی خدمات فراہم کرنا ہے جو موثر اور کسٹمر پر مرکوز ہوں، کسٹمر سروس کو ترجیح دے کر اور جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا کر عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اپنے ادارے کی کارکردگی اور اپنی خدمات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں اور اسے بہتر بناتے رہیں، اس کیلئے ہمیں غیرمعمولی کسٹمر سروسز کی فراہمی، مسلسل بہتری اور ڈیجیٹل سہولت کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔