چنیوٹ ۔ 19 نومبر (اے پی پی):روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مسائل سنے جاتے ہیں اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جار ہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے لوگوں کے مسائل سنے اور درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل افسران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او عبداللہ احمد کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جار ہے ہیں۔ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے۔دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،کسی بھی وجہ سے شہریوں کا تھانہ جات میں کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا تو شہری بلاجھجھک میرے دفتر تشریف لائیں،انکے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔