جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رہے گا ،ڈی پی اواحمدپورشرقیہ

121

احمدپورشرقیہ۔ 10 فروری (اے پی پی):ڈی پی اواحمدپورشرقیہ سید محمد عباس نے کہاہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کےاحکامات کی روشنی میں بہاولپور سے بیرون ملک فرار ہونے والے مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف ضابطہ کی کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجہ میں بہاولپور پولیس نے 2014 میں ملک سے فرار ہونے والے مجرم اشتہاری ذوالقرنین ولد اللہ وسایا جو کہ قتل کے مقدمہ میں تھانہ عباس نگر پولیس کو مطلوب تھا، کو بذریعہ انٹر پول ریڈ وارنٹ جاری کروا کر بیرون ملک سے گرفتار کرکے بہاولپور لایا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید محمد عباس نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجرم جتنا بھی ہوشیار کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔شہریوں کی دادرسی اس صور ت میں ہوسکتی ہے جب ہم ان کے جان ومال کانقصان کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں مزید ایسی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔