جرمنی میں نئے سال کی آمد پر آتش بازی کے باعث مختلف حادثات میں5 افراد ہلاک،متعدد زخمی

114
جرمنی میں نئے سال کی آمد پر آتش بازی کے باعث مختلف حادثات میں5 افراد ہلاک،متعدد زخمی

برلن۔1جنوری (اے پی پی):جرمنی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر آتش بازی کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں5افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اردو نیوز کے مطابق جرمن پولیس نے بتایا ہے کہ نئے سال کی خوشی کو روایتی انداز میں منانے کے لیے بڑے پیمانے پر آتش بازی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تاہم کچھ مقامات پر اس کی وجہ سے حادثات بھی ہوئے۔

ایک حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس افسر کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس ترجمان فلورین ناتھ نے کہا کہ رواں سال آتش بازی کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں 13 سرکاری اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف دارالحکومت برلن میں ایک رات کے دوران 330 افراد کو حراست میں لیا گیا تاہم گزشتہ سالوں کی نسبت اس بار تشدد کا کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پیڈربورن کے علاقے میں 24 سالہ شخص آتش بازی میں استعمال ہونے والا ایک چھوٹا راکٹ چلاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، جو اس نے غالباً خود تیار کیا تھا۔ اسی طرح سیکسونی میں 45 سالہ شخص اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ آتش بازی میں استعمال ہونے والا پائروٹیکنک بم چلا رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آتش بازی کے سامان کے حوالے سے یہ ایک سخت کیٹگری ہے، جس کو خریدنے کے لیے خصوصی پرمٹ لازمی ہوتا ہے۔ پولیس کے مطابق اسی علاقے کے مشرقی حصے میں 50 سالہ شخص پائپ بم چلاتے ہوئے سر میں شدید چوٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

ہیمبرگ کے شمالی علاقے میں 20 سالہ نوجوان اس وقت شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا جب وہ آتش بازی کے سامان کو آگ لگا رہا تھااور پانچواں شخص برلن کے قریب شمالی علاقے کریمن میں آتش بازی کے سامان کا ہی نشانہ بنا جبکہ اسی علاقے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔