جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران اضافہ

44
State Bank

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 369.1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.9 فیصد زیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 362.3 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا، فروری 2024 میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 45.9 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو جنوری میں 49.2 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 47.3 ملین ڈالر تھا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندرپار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 18.082 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندرپار پاکستانیوں نے 18.301 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔