جرمنی میں حماس کے نام پر کسی بھی طرح کی سرگرمی پر پابندی عائد

85

برلن۔2نومبر (اے پی پی):جرمن حکومت نے ملک میں فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے نام پر جلسوں سمیت کسی بھی طرح کی سرگرمی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق جرمن وزیر داخلہ نینسی فیسر نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ جرمنی میں حماس کے نام پر جلسے کرنا یا ان کا پروپیگنڈہ پھیلانا جرم قراردے دیا گیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ فلسطین کے حامی نیٹ ورک جسے سامیدون کے نام سے جانا جاتا ہے ، کو جرمنی میں ختم کر دیا جائے گا۔

اس گروپ بارے جرمن چانسلر اولاف شولز نے گزشتہ ماہ ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کے ارکان جرمنی کی سڑکوں پر اسرائیل میں حماس کی دہشت گردی کا جشن منا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی نے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے اور جرمن وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ میں نے آج اس دہشت گرد تنظیم کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا دی ہے جس کا مقصد اسرائیل کی ریاست کو تباہ کرنا ہے۔