جرمنی کا پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے 120 ملین یورو امداد فراہم کرنے کا وعدہ

213
جرمنی کا پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے 120 ملین یورو امداد فراہم کرنے کا وعدہ

برلن ۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور جرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون اور ترقی، سوینجا شولز کے درمیان برلن میں پیٹرزبرگ کلائمیٹ ڈائیلاگ کے دوران دوطرفہ ملاقات ہوئی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کلائمیٹ ایڈاپٹیشن اور مٹیگیشن کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو بڑھانا اور نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر شیری رحمان نے جرمن وفد کو گزشتہ سال کی بارشوں اور سیلاب کے بعد بحالی کے عمل کے حوالے سے آگاہ کیا اور ملک بھر میں جاری غیر معمولی بارشوں اور نقصانات پر بھی روشنی ڈالی۔ شیری رحمان نے کلائمیٹ انرجی اقدام کے ذریعے پاکستان کی مدد کرنے پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا ان اقدامات میں کلائمیٹ رسک اسیسمنٹس، سب نیشنل کلائمیٹ رسک پروفائلنگ، ماحولیاتی تعلیم کو اعلیٰ تعلیم میں مرکزی دھارے میں لانے اور فنانس موبلائزیشن شامل ہیں۔

جرمن وزیر سوینجا شولز نے شیری رحمان کو حفاظتی اور اصلاحی اقدامات کے حوالے سے وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ایڈاپٹیںشن اور مٹیگیشن کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ جرمن وزیر سوینجا شولز نے وعدہ کیا کہ جرمنی پاکستان کو ان شعبوں میں اقدامات کی حمایت کے لیے 120 ملین یورو کی امداد فراہم کرے گا۔ وزراء نے ماحولیاتی خطرات کے خلاف عالمی شیلڈ کی چھتری تحت تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔

کاپ 27 میں جرمنی کی قیادت اور G7 کے اشتراک سے Vulnerable Twenty Group (V20) متعارف کرایا گیا تھا، اس اقدام کا مقصد کمزور ترقی پذیر ممالک اور آبادی کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانا ہے۔ پاکستان ان "پاتھ فائنڈر ممالک” میں سے ایک ہے جہاں ماحولیاتی آفت کی صورت میں ڈیزاسٹر ریسپانس اور تیاریوں کے ساتھ ساتھ سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ ملاقات میں پاکستان کے لیے گرین ہائیڈروجن سمیت دیگر شعبہ جات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یاد رہے کہ شیری رحمان برلن میں جاری پیٹرزبرگ کلائمیٹ ڈائیلاگ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔