جرمن سائیکلسٹ کانسٹنٹاین کا لاہور پہنچنے پر احمد سلمان بلوچ کی جانب سے شاندار استقبال

122

لاہور۔19دسمبر (اے پی پی):جرمنی سے سائیکلنگ فار سائل کے عنوان سے لاہور پہنچنے والے کانسٹنٹاین کا رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ نے منگل کو یہاں وحدت روڈ پر شاندار استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں پر تکلف ناشتہ کا بھی اہتمام کیا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر نیشنل ڈائریکٹر الخدمت فائونڈیشن پاکستان ڈاکٹر احمد جبران بلوچ ، یوتھ رہنما حافظ رضوان اور عبید الرحمن بھی موجود تھے ۔

احمد سلمان بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 ماہ سے زمین کی حفاظت کیلئے مسلسل سائیکل چلانے پر اہم پیغام دینے پرکانسٹنٹاین کے شکر گزار ہیں۔موسمیاتی تبدیلی پر پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،موسمیاتی تبدیلی کے پیغام کو پھیلانے کے حوالے سے غیر ملکی افراد کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔

درایں اثنا کانسٹنٹاین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کھیل کیلئے نہیں بلکہ زمین کو بچانے کے پیغام کیلئے سائیکل چلا رہا ہوں،پاکستان بالخصوص لاہور میں بہت مہمان نوازی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آنا میری زندگی میں یادگار لمحات میں سے ایک ہے ۔