جرمن پولیس نے 2ارب یورو مالیت کے 50 ہزار بِٹ کوائن ضبط کر لئے

54
جرمن پولیس نے 2ارب یورو مالیت کے 50 ہزار بِٹ کوائن ضبط کر لئے

برلن۔31جنوری (اے پی پی):جرمن پولیس نے 2 ارب یورو مالیت کے 50 ہزار بِٹ کوائن قبضے میں لے لئے۔ڈی ڈبلیو اردو کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی میں پولیس نے دوران تفتیش تقریبا دو بلین یورو مالیت کے بِٹ کوائن قبضے میں لے لئے ہیں۔ اس وقت ایک بِٹ کوائن کی مالیت تقریبا40 ہزار یورو ہے اور ضبط کئے جانے والے بِٹ کوائنز کی تعداد پچاس ہزار بنتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں جن ورچوئل کرنسیوں کی آن لائن خریدو فروخت ہوتی ہے، ان میں سے بِٹ کوائن مہنگی ترین کرپٹو کرنسی ہے، جس کی اس وقت فی کوائن قیمت تقریبا 40 ہزار یورو یا 43 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش یہ کرپٹو کرنسی عبوری طور پر قبضے میں لے لی گئی اور جرمنی میں یہ اپنی مالیت کے لحاظ سے اب تک کا سب سے بڑا واقعہ ہے ۔

اس معاملہ کے حوالہ سے گرتار کئے گئے دونوں مبینہ ملزمان ایک پائریسی پورٹل چلاتے تھے۔جرائم کی تحقیقات کرنے والے جرمن ادارے بی کے اے کی صوبے سیکسنی میں شاخ کے ترجمان کائی آندرس نے بتایا کہ ان کے ادارے کی طرف سے تفتیش کے دوران ایک ملزم نے اربوں مالیت کی یہ ورچوئل کرنسی حکام کے حوالے کردی۔اس صوبائی محکمے کی طرف سے یہ تفتیش دو ایسے مشتبہ ملزمان کے خلاف کی جا رہی تھی، جن میں سے ایک کی عمر 40 برس اور دوسرے کی عمر 37 برس ہے۔

ان دونوں ملزمان پر شبہ تھا کہ وہ مئی 2013ء تک سائبر کرائمز کے ارتکاب کے لیے ایک ایسا پائریسی پورٹل چلاتے تھے، جس کے ذریعے مجرمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں تاوان وصول کیا جاتا تھا۔ شبہ ہے کہ ضبط کئے گئے 50 ہزار بِٹ کوائن ان ملزمان نے تاوان کی رقوم سے ہی خریدے تھے۔

سیکسنی پولیس کے ترجمان کے بقول دو بلین یورو مالیت کے بِٹ کوائن قبضے میں لیے جانے کا یہ واقعہ جس بہت طویل تکنیکی تفتیشی عمل کے نتیجے میں ممکن ہوا، اس میں سیکسنی کے دارالحکومت ڈریسڈن میں وفاقی دفتر استغاثہ، جرائم کی تحقیقات کرنے والے صوبائی محکمے، ٹیکس چوری کے واقعات کی تحقیقات کرنے والے صوبائی دفتر، امریکا کی ایف بی آئی اور میونخ کی ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی فرم کے ماہرین بھی شامل تھے۔

بِٹ کوائن چونکہ ایک ورچوئل کرنسی ہے، اس لیے قبضے میں لیےگئے ایسے 50 ہزار کوائن اب سیکسنی میں جرمن ادارے بی کے اے کے ایک آن لائن والٹ میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔