جرنلسٹ پروٹیکشن بل سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں سہولت حاصل ہوگی، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی پی ایف یو جے پروفیشنلز کے وفد سے گفتگو

120

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے جرنلسٹ پروٹیکشن بل کی منظوری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اہم اقدام ہے، جرنلسٹس پروٹیکشن بل سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں سہولت حاصل ہوگی، صحافیوں کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جا سکے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ملاقات کے لئے آئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پروفیشنلز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کو نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت قرض کی فراہمی پر غور کر رہے ہیں، ایکریڈیٹیشن کارڈ کے اجراءکے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، کارڈ کے لئے درخواست آن لائن دی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو صحت کارڈ جاری کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

اس موقع پر پی ایف یو جے پروفیشنلز کے وفد نے جرنلسٹ پروٹیکشن بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل سے صحافیوں کے حقوق کو تحفظ ملے گا۔