22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںجسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی کا اے پی پی ایمپلائز یونین الیکشن میں...

جسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی کا اے پی پی ایمپلائز یونین الیکشن میں ووٹ کے حق سے محروم کیے جانے پر شدید برہمی کااظہار ، آئین اور قانون سے ہٹ کر ایسے اقدم اٹھانے پر لوگوں کا این آئی آر سی پر اعتماد اٹھ رہا ہے، چیئرمین این آئی آر سی کے ریمارکس

- Advertisement -

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن(این آئی آر سی) جسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی نے اے پی پی ایمپلائز یونین الیکشن شیڈول اجراکے بعد ووٹ کے حق سے محروم کیے جانے کے اقدام پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے اپنےریمارکس میں کہا ہے کہ آئین اور قانون سے ہٹ کر ایسے اقدم اٹھانے پر لوگوں کا این آئی آر سی پر اعتماد اٹھ رہا ہے، الیکشن کرانے والے این آئی آر سی کے مجاز افسرمدد علی شاہ ووٹرز لسٹ سے نام نکالے جانے پر تسلی بخش جواب نہ د ے سکے جس پرمجاز افسر سےالیکشن سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ، فاضل بنچ نے متاثرہ ووٹرز سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتےہوئے سماعت کل (بدھ) تک ملتوی کر دی ۔ منگل کو چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ جس میں ممبر سراج السلام خان اور منور حسین طوری شامل تھے ،نے خضر زمان ملک بنام اے پی پی ایمپلائز یونین کیس کی سماعت کا باقاعدہ آغاز کیا ۔

درخواست گزار کی جانب سے چوہدری صغیر ، اے پی پی کی جانب سے حسنین حیدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ اے پی پی کے وکیل حسنین حیدر نے سوال اٹھایا کہ این آئی آر سی کے مجاز افسرنے الیکشن شیڈول کے بعد حتمی فہرست سے نام نکالے ہیں حالانکہ ادارے کے ہیومین ریسورس شعبے کی جانب سے تصدیق شدہ ووٹرز لسٹ فراہم کی گئی تھی ۔ این آئی آر سی کے چیئرمین جسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی نے این آئی آر سی کے مجاز افسرمدد علی شاہ کو فوری طور پر طلب کر لیا ۔

- Advertisement -

چیئرمین این آئی آر سی نے کہا کہ جب الیکشن شیڈول جاری ہوجائے تو ووٹرز لسٹ میں نہ تو کسی کا نام شامل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی نکالا جاسکتا ہے ، بطور مجاز افسر آپ جواب دیں کہ کیسے ووٹرز کے نام نکالے ہیں ؟کیا آپ کو اس کا اختیار تھا ؟ اے پی پی ایمپلائز یونین کے الیکشن کرانے والے این آئی آر سی کےمجاز افسر مدد علی شاہ کے جواب کو فاضل عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انھیں حکم دیا کہ وہ کل (بدھ) تک پورے الیکشن کی تفصیلی رپورٹ ، ووٹرز کے نام کے اخراج سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کریں ۔

فاضل چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایسے اقدامات کی وجہ سے این آئی آر سی کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے، لوگ اسی لئے این آئی آر سی پر کیچڑ اچھالتے ہیں کیونکہ جس چیز کا اختیار ہی نہ ہو، وہ کر گزرتے ہیں ۔ چیئرمین این آئی آر سی نے مجاز افسر سے سوال کیا کہ جب آپ نے اے پی پی ایمپلائز یونین الیکشن کی حتمی فہرست سے ووٹرز کے نام نکالے ہیں تو کیا انھیں بلا کر سنا ہے تو انہوں نے نفی میں سر ہلایا جس پر اپنے ریمارکس میں چیئرمین این آئی آر سی کا کہنا تھا کہ آپ کے اس عمل سے اہل ووٹرز حق رائے دہی سے محروم ہوئے ہیں ، آپ نے تو کمال کر دیا ہے ۔ چیئرمین این آئی آر سی نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اے پی پی ایمپلائز یونین کے وکیل کی مصروفیت کے باعث تمام فریقین بشمول ووٹرز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت کل (بدھ) تک ملتوی کی جاتی ہے ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں