جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

101

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وزارت قانون و انصاف نے جمعرات کو جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کو باقاعدہ چیف جسٹس کی نامزدگی تک اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ علاوہ ازیں وزارت قانون و انصاف نے ملک کی دیگر تین ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کے حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشنز بھی جاری کیے ہیں۔

جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس اور جسٹس محمد اعجاز سواتی کو بلوچستان ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس تعینات کیا گیا ہے۔

وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صدر پاکستان نے مذکورہ ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرریاں کی ہیں۔