اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائر کرنے والوں کو عدلیہ کی بات کرتے شرم آنی چاہیے، عمران کا شیطانی ٹولہ ہمیشہ آئین، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے،جج کو گالی اور دھکی دینے والے بے شرم عدالتی احترام کا بھاشن دے رہے ہیں۔
اتوار کو وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈبہ پیر، ڈبو عمران کا ڈاکو اور دانشور منتظر ہیں کہ کب عمران نااہل ہو اور وہ پارٹی قیادت سنبھالیں۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک کا رنگ باز، ملتان کا ڈبہ پیر، سپریم کورٹ کے اکثریت ججز کی رائے کی توہین کر رہے ہیں۔ دو مداریوں کے ساتھ تین ڈگڈگیاں ہیں جو وہ زور زور سے بجا رہے ہیں، خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے تین ججز کے حامی و ترجمان بن گئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائر کرنے والوں کو عدلیہ کی بات کرتے شرم آنی چاہئے۔ عمران کا شیطانی ٹولہ ہمیشہ آئین، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔جج کو گالی اور دھکی دینے والے بے شرم عدالتی احترام کا بھاشن دے رہے ہیں۔